کسی کے مطالبے پر اس کے لیے تعمیر کرنا
سوال:۔ہمارا ایک مکان تھامگر فیملی بڑی تھی ۔والد نے سستے داموں وہ مکان خریدا تھا۔والد صاحب نے چاہا کہ اس پر ایک منزل اوربنالیں مگر ان کے کاروباری حالات ایسے نہ تھے کہ وہ ایک اورمنزل اوپر ڈال سکیں ۔میں ملازمت کرتا تھا اورمجھے رہائش کا مسئلہ نہیں تھا کیونکہ گھر ملا ہواتھا تاہم والد صاحب اپنی فیملی کی وجہ سے پریشان رہتے تھے۔کئی مرتبہ انہوں نے مجھ سے اوپر بنانے کا کہا ۔مجھے اپنے ادارے سے رقم مل سکتی تھی ،اس لیے میں نےاپنے ادارے سے قرض رقم لی اور اوپر ایک منزل بنالی ۔اوپر منزل بنانے کے بعد دس بارہ سال والد صاحب حیات رہے اور ۲۰۱۵ ء میں ان کا انتقال ہوگیا۔اب جو منزل میں نے والد کو بناکردی ہے ،میرا مطالبہ یہ ہے اورمیرے خیال میں بالکل برحق مطالبہ ہے کہ وہ منزل صرف میری ہے اوربقیہ میں سب کو حصہ ملے گا بلکہ میں اوپر والی منزل کی وجہ سے نچلی منزل میں اپنی حصہ چھوڑ نے کا بھی تیا رہوں۔آپ اس سلسلے میں جواب فراہم کریں تاکہ میری بہن بھائیوں کو بھی اطمینان ہوجائے۔والسلام
جواب:۔آپ نے بالائی منزل کی تعمیر کے سلسلے میں جو اخراجات اٹھائے تھے وہ آپ کو ملیں گے اوراتنے ہی ملیں گے جس قدر آپ نے اٹھائے تھے۔وقت گزرنے کی وجہ سے اورروپے کی ویلیو کم ہونے کی وجہ سے آپ خرچ سے زیادہ وصول نہیں کرسکتے ہیں(جیساکہ بعض لوگ ایساکرتے ہیں )۔ اخراجات نکالنے کے بعد نچلی اوربالائی دونوں ہی منزلیں والد کی میراث میں تقسیم ہوں گی۔