نافرمان بیوی کے متعلق



سوال:۔ اگر بیوی گھریلو معاملات میں شوہر کی بات نہ سنے یعنی ایسے لوگوں سے ملے جو شوہر نہیں چاہتا اور ایسے کپڑے پہنے جو شوہر کو پسند نہیں اور ایسے کام کرے  جو شوہر نہیں چاہتا، اور ہر معاملے میں شوہر کی مخالفت کرےتو اس اسلام میں اس معاملے کا کیا حل ہے (اکرام اللہ ، کوئٹہ)
 
جواب: شوہر اگر بیوی کے حقوق کی  رعایت رکھتاہے تو بیوی پرلازم ہے کہ  شوہر کی جائز خواہش کا احترام کرے،    اس کا حکم مانے، شوہر کو اپنے سے بالاتر سمجھے،  اس کی وفادار اور فرمانبردار رہے، اسکی خیرخواہی اور رضا جوئی میں کمی نہ کرے، اپنی دنیا  اور آخرت کی بھلائی  اس کی خوشی سے وابستہ سمجھے،  اور شوہر کو چاہیے کہ  وہ اپنی بیوی کو اللہ کی عطا کی ہوئی نعمت سمجھے،  اس  کی قدر اور اس سے محبت  کرے، اگر اس سے غلطی ہوجائے تو چشم پوشی  سے کام لے، صبروتحمل اور دانشمندی سے اس کی  اصلاح کی کوشش کرے،  اپنی استظاعت کی حد تک اس کی ضروریات اچھی طرح پوری کرے، اس کی راحت رسانی اور دل جوئی کی کوشش کرے۔اگر میاں بیوی ان تعلیمات کے مطابق عمل کریں تو زندگی جنت کانمونہ بن جاتی ہے۔آپ خوداسے نرمی اورمحبت سے سمجھانے کی کوشش کیجیے ورنہ اس کے محارم سے اس سلسلے میں مدد طلب کیجیے۔اگر نصیحت کارگر ثابت نہ ہوتو چنددن کے لیے اپنا بسترالگ کردیجیے۔ (مشکاۃ المصابیح، 2/280،  باب عشرۃ النساء، ط؛ قدیمی)