مرحومین کی یاد میں شمعیں روشن کرنا
سوال:۔آج کل ہمارے معاشرے میں یہ رسم بڑی تیزی سے جگہ پارہی ہے کہ کچھ لوگ جمع ہوکر اپنے ایسے مرحومین کی یاد میں اجتماعی طور پر شمعیں روشن کرتے ہیں۔اس طرح ان کے بقول وہ اپنے مرحومین کی یاد تازہ کرتے اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔مرنے والوں کی یاد میں شمع روشن کرنے کا یہ عمل پہلے مغربی اقوام اور غیرمسلموں میں نظر آتا تھا،لیکن ان کی دیکھا دیکھی مسلمانوں میں بھی یہ عمل رواج پارہا ہے۔ازروئے شریعت اس بارے میں کیا حکم ہے؟(عبدالماجد،کراچی)
جواب:۔فضول کام ، مال کا ضیاع اور معنویت سے خالی رسم ہے ۔اس کے بجائے میت کے لیے ایصال ثواب کرنا چاہیے جوزندہ اور مرحوم دونوں کی ضرورت ہے،جس میں دونوں کا فائدہ ہے،جس میں آسانی اور سہولت بھی ہے اور معنویت و معقولیت بھی ۔طریقہ اس کا یہ ہے کہ کوئی نفلی عبادت کرکے اس کا ثواب میت کو پہنچادیا جائے،اگر مالی عبادت کا ثواب پہنچانا مقصود ہو تو حسب توفیق کچھ صدقہ کرکے ثواب مرحوم کو بخش دیا جائے۔ یاد رہے کہ ایصال ثواب کے لیے کوئی خاص دن،تاریخ اور عمل مقرر نہ کرے بلکہ کوئی بھی نیک کام کسی بھی دن اور تاریخ کو کرکے اس کا ثواب ایصال کردیا کرے۔