تبصرہ بر کتاب
سوال
کتاب فلاح المومنات۔ترتیب مفتی عبدالرشید۔
جواب
زیر نظر کتاب نوجوان عالم دین مفتی عبدالرشید صاحب کی مرتب کردہ ہے جس میں انہوں نے خواتین کے طہارت اور نماز کے متعلق اہم مسائل کو جمع کیا ہے۔مسائل کے بیان کا انداز سادہ اورسہل ہےاور محنت سے مسائل جمع کیے گئے ہیں۔ جن کتابوں سے مواد لیا ہے ان کے نام بھی تحریر کردیے ہیں،اگلے ایڈیشن میں امید ہے کہ جلد اور صفحہ نمبر وغیرہ بھی درج کردیں گے۔
خواتین کے جو مسائل ہیں ان میں اکثر ایسے ہیں جن میں مردوں اور خواتین کا حکم ایک ہے،اس لیے خواتین کے مسائل بیان کرتے وقت تحریر میں ایسے مسائل بھی آجاتے ہیں جو دونوں میں مشترکہ ہوتے ہیں ،دوسری طرف اپنی تحریر کو جامع بنانے کی خواہش ہر صاحب قلم کے دل میں ہوتی ہے ،ان دووجوہات کی وجہ سے کتاب میں ایسے مسائل بھی کثرت سے ملیں گے جو خواتین کے ساتھ خاص نہیں ہے مگر اس کا فائدہ یہ ہوا ہے کہ کتاب صرف فلاح المؤمنات تک محدود نہ رہی بلکہ فلاح المؤمنین بھی بن گئی ہے اور اب ہر دوصنف اس سے یکساں استفادہ کرسکتے ہیں۔
مرتب موصوف ابھی جواں سال اور جواں ہمت ہیں اس لیے بجا طور پر ان سے یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ طہارت اور نماز کے بعد اکابر کی کتابوں سے وہ تمام مسائل یکجا کریں گے جو جو وراثت ،وصیت اور معاملات ومعاشرت کے ساتھ تعلق رکھتے ہیں اوراصطلاحی معنی میں عورتوں کے مسائل ہیں۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ موصوف کی محنت کو قبولیت بخشے اور ہم سب کے لیے ذخیرہ آخرت اور نجات کا باعث بنائے۔آمین ۔وصلی اللہ وسلم